اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو کی ملاقات، آزاد کشمیر کے انتخابات پر مشاورت
اسلام آباد( ترکیہ خبر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اہم قومی امور اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو کی۔بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گلگت بلتستان میں حکومت کی تشکیل پر بلاول بھٹو زرداری کو مبارک باد پیش کی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں منتخب حکومت کے قیام میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تعاون پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ عام انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد کرانا جمہوری عمل کے لیے انتہائی اہم ہے۔