دمشق: مسافر بس میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 14 زخمی
دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے جرمانا میں مسافر بس میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔عالمی میڈیا کے مطابق دھماکا گزشتہ شام جرمانا کے مرکزی علاقے میں ہوا۔ واقعے کے بعد شامی وزارت صحت نے متعلقہ اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے ایمبولینسوں اور طبی عملے کو فوری طور پر متحرک کردیا۔پولیس نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ شامی سول ڈیفنس نے ملبہ ہٹانے کے بعد متاثرہ سڑک کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا۔شام کے وزیر ہنگامی امور و آفات رائد الصالح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں اور صورتحال سے نمٹنے میں مصروف ہیں۔