اسلام آباد( ترکیہ خبر) یومِ ماحولیات کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صحت، معیشت اور خوراک کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کم کاربن اخراج کے باوجود موسمیاتی خطرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، تباہ کن سیلابوں اور شدید گرمی کی لہروں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پانی کے مؤثر استعمال، فضلہ میں کمی، جنگلات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو تیز کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر نے نوجوانوں، میڈیا اور سول سوسائٹی سے بھی ماحول کے تحفظ میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو قومی پالیسی کا بنیادی حصہ بنایا جانا چاہیے اور پاکستان عالمی سطح پر ماحولیاتی تعاون اور اقدامات کے لیے پرعزم ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور پائیدار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ماحولیاتی تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کا تحفظ ایک مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور اجتماعی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے سیلابوں، خشک سالی اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کو موسمیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات قرار دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، جس کے باعث ملک کو انسانی اور معاشی سطح پر بڑے نقصانات کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انفرادی، حکومتی اور عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔شہباز شریف نے عوام پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں اور سرسبز و پائیدار پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
موسمیاتی تبدیلی قومی و عالمی سطح پر سنگین خطرہ، پاکستان کا ماحولیاتی تحفظ کے لیے عزم
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان