یمن میں جھڑپوں سے خوراک کا بحران سنگین، صحت اور پانی کی سہولیات متاثر

یمن میں جھڑپوں سے خوراک کا بحران سنگین، صحت اور پانی کی سہولیات متاثر

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن میں جاری جھڑپوں اور لوگوں کی نقل مکانی کے باعث شہریوں کو خوراک کی شدید قلت، صحت کے بڑھتے ہوئے خطرات اور بنیادی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور نے بتایا ہے کہ تعز شہر میں ضروری اشیائے خورونوش کی دستیابی مسلسل کم ہو رہی ہے، جبکہ ان کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق پٹرول کی قیمتیں تین گنا بڑھ چکی ہیں، کھانا پکانے کے لیے گیس کی شدید قلت ہے اور خوراک کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گندم اور آٹے کے موجودہ ذخائر بھی تین ہفتوں سے کم مدت میں ختم ہونے کا خدشہ ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق ایندھن کی کمی کے باعث تعز میں پانی کی فراہمی کا نظام متاثر ہو رہا ہے، جس سے شہریوں کو پانی کی سہولت میسر رہنے کے حوالے سے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ بے گھر افراد کے گنجان کیمپوں، صاف پانی کی محدود دستیابی اور صحت کی ناکافی سہولیات کے باعث خاندانوں کو سنگین طبی مسائل کا سامنا ہے۔عالمی ادارہ صحت نے یمن میں ہیضے کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اب تک 8 ہزار سے زائد مشتبہ کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے ایک چوتھائی گزشتہ چار ہفتوں کے دوران رپورٹ ہوئے۔اسی طرح خسرے کے 22 ہزار 800 سے زائد مشتبہ کیسز اور اس بیماری سے 128 اموات کی اطلاع ملی ہے، جبکہ بچوں سمیت دیگر افراد کی حفاظتی ویکسینیشن کی شرح بھی تشویشناک حد تک کم ہے۔دوسری جانب عالمی ادارہ برائے مہاجرت نے بتایا ہے کہ تنازع جاری رہنے کے باوجود یمن آنے والے تارکین وطن کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ستمبر کے اختتام تک رواں سال ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ تارکین وطن یمن میں داخل ہو چکے تھے۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور کے مطابق اگست میں جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے اقوام متحدہ اور اس کے امدادی شراکت دار یمن بھر میں تقریباً ایک لاکھ 48 ہزار افراد کو ہنگامی امداد فراہم کر چکے ہیں۔اقوام متحدہ نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کی پابندی کریں، شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ یقینی بنائیں، لوگوں کی محفوظ نقل و حرکت میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور ضرورت مند افراد تک انسانی امداد کی محفوظ، تیز رفتار اور بلا تعطل فراہمی ممکن بنائیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.