آذربائیجان اور چین کا تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بیراموف نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو وسعت دینے اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای ساتویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے دورے پر ہیں۔ یہ اجلاس ایشیا میں باہمی روابط اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس کے تحت آذربائیجان کی صدارت میں منعقد ہو رہا ہے۔ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ سطح کا رابطہ، باہمی اعتماد اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات دوطرفہ روابط کو آگے بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔فریقین نے 2025 میں قائم ہونے والی جامع تزویراتی شراکت داری کی تیز رفتار ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ آذربائیجان کے صدر کے دورۂ چین کے دوران طے پانے والے اہم معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ملاقات میں اس امر کو بھی اجاگر کیا گیا کہ 2027 میں آذربائیجان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 35ویں سالگرہ منائی جائے گی، جس سے قبل باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔