ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان آج باکو میں ایشیائی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے
استنبول، انقرہ( تر کیہ خبر) ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان جمعرات کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ایشیا میں باہمی روابط اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس کے ساتویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ صدر رجب طیب اردوان کی نمائندگی کریں گے۔ترک سفارتی ذرائع کے مطابق آذربائیجان کی میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں رکن ممالک، مبصر ملکوں اور شراکت دار بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔اجلاس میں آذربائیجان کی صدارت کے تحت علاقائی تعاون، باہمی رابطوں کے فروغ، ڈیجیٹل نظام کی ترقی اور پائیدار ترقی جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے۔اجلاس کے دوران باکو اعلامیے اور پیشہ ورانہ تحفظ و صحت کے شعبے میں تعاون سے متعلق ایک بیان کی منظوری متوقع ہے، جبکہ لاؤس کی تنظیم میں نئے رکن کی حیثیت سے شمولیت کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔ہاکان فیدان اجلاس سے خطاب کریں گے اور اس موقع پر مختلف ممالک کے نمائندوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ترک سفارتی ذرائع کے مطابق وہ عالمی بحرانوں اور جغرافیائی سیاسی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشاورت، اتفاق رائے، باہمی اعتماد اور علاقائی ملکیت کی بنیاد پر مشترکہ حل تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیں گے۔