طبی مراکز میں حجاب پر پابندی کا خط جعلی قرار، آذربائیجان کی وضاحت
باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کی وزارتِ صحت کے نام سے سوشل میڈیا اور پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز پر ایک خط گردش کر رہا ہے، جس میں طبی اداروں میں حجاب کے استعمال پر پابندی عائد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حکام نے اس خط کو جعلی قرار دے دیا ہے۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارتِ صحت نے واضح کیا ہے کہ اس نوعیت کی کوئی دستاویز جاری نہیں کی گئی اور نہ ہی طبی اداروں کو اس حوالے سے کوئی ہدایت دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جعلی خط کو سرکاری مراسلے کے طور پر پیش کرنا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے اور اس طرح کی اطلاعات غلط معلومات کے پھیلاؤ کا سبب بنتی ہیں۔آذربائیجان کی میڈیا و نشریات کونسل نے ذرائع ابلاغ کے اداروں اور سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی اطلاع کو پھیلانے سے پہلے مستند سرکاری ذرائع سے اس کی تصدیق کریں، جعلی دستاویزات کو اصلی قرار دے کر شیئر کرنے سے گریز کریں اور غلط معلومات کی تشہیر کا ذریعہ نہ بنیں۔