پاک چین دوستی 75 سال میں مثالی شراکت داری ثابت
اسلام آباد( ترکیہ خبر) پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر چینی اخبار ’’گلوبل ٹائمز‘‘ نے پاک چین دوستی کو مضبوط، قابلِ اعتماد اور مثالی شراکت داری قرار دیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اسٹریٹجک تعاون، باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں جو طویل عرصے سے ایک مضبوط شراکت داری کی شکل اختیار کیے ہوئے ہیں۔ گزشتہ پچیس دہائیوں کے دوران عالمی سیاسی تبدیلیوں اور معاشی اتار چڑھاؤ کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات میں مسلسل استحکام اور وسعت آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی تعلقات عموماً مفادات کے گرد گھومتے ہیں، تاہم پاکستان اور چین کی دوستی پائیدار اعتماد اور غیر متزلزل تعاون کی ایک منفرد مثال ہے۔ دونوں ممالک نے مشکل اوقات میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔چینی میڈیا کے مطابق چین نے مختلف عالمی فورمز، بشمول اقوام متحدہ، میں پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے مؤقف کی بھرپور سفارتی حمایت کی، جبکہ پاکستان نے بھی چین کو عالمی سطح پر ایک قابلِ اعتماد دوست اور شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا اور حمایت فراہم کی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک چین تعلقات صرف معاشی مفادات تک محدود نہیں بلکہ یہ گہرے اسٹریٹجک تعاون، باہمی احترام اور مضبوط جذباتی وابستگی پر مبنی ہیں۔ پاکستان اُن ابتدائی ممالک میں شامل تھا جنہوں نے آزاد خارجہ پالیسی کے تحت چین کو تسلیم کیا۔چینی اخبار کے مطابق سکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان ملک میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون خصوصاً پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جو ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی نے چین سمیت دیگر بڑے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنایا ہے، جس کے باعث پاکستان ایک مستحکم اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے۔تجزیہ کاروں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی روابط نہیں بلکہ آہنی بھائی چارے، باہمی اعتماد اور مشترکہ ترقی کی علامت ہیں، جو خطے کے امن اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔