اسلام آباد( ترکیہ خبر)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے 11 جون کو عدالتی نظام سے متعلق تین اہم اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیے ہیں، جن میں ججز کے خلاف شکایات، نئی عدالتی تقرریوں اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں سب سے پہلے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر کی ہائی کورٹس کے ججز کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور مختلف معاملات پر غور کیا جائے گا۔اسی روز جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں ہائی کورٹس میں نئے ججز کی تقرری کے طریقہ کار اور موجودہ ججز کی کارکردگی جانچنے کے لیے مجوزہ قواعد کی منظوری زیر غور آئے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اجلاس میں قواعد کی حتمی منظوری دی جائے گی، جس کے بعد نئی تقرریوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل شروع کیا جا سکے گا۔ اجلاس میں موجودہ ججز کی کارکردگی کے جائزے کا طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا۔بعد ازاں قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا، جس کی صدارت بھی چیف جسٹس پاکستان کریں گے۔ اجلاس میں تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس شریک ہوں گے اور زیر التوا مقدمات میں کمی، سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی اور عدالتی اصلاحات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس کے دوران مختلف ہائی کورٹس اپنے اپنے صوبوں میں عدالتی نظام کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گی، جبکہ پرانے مقدمات جلد نمٹانے اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مزید ہدایات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔