چین کی بندرگاہ پر کارگو جہاز میں آتشزدگی، 25 افراد ہلاک
بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک)چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں بندرگاہ کے ایک شپ یارڈ پر مرمت کے دوران غیر ملکی پرچم بردار کارگو جہاز میں آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک ہوگئے۔چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق جہاز کی مرمت کا کام جاری تھا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔رپورٹ کے مطابق جہاز پر 42 افراد سوار تھے، جن میں سے 17 کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ اسپتال منتقل کیے جانے والے 5 افراد کی حالت مستحکم ہے۔سرکاری میڈیا کی جاری کردہ تصاویر میں جہاز کا نام ’’اوشن میلوڈی‘‘ بتایا گیا ہے۔ 190 میٹر طویل یہ مال بردار جہاز لائبیریا کے پرچم تلے چلتا ہے اور 31 اگست کو چنگ ڈاؤ پہنچا تھا۔رپورٹ کے مطابق 3 گھنٹے سے کچھ زائد کارروائی کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا، تاہم آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جہاز سے شدید دھواں اٹھ رہا تھا، تاہم اس نے کسی دھماکے کی آواز نہیں سنی۔چین کے صدر شی جن پنگ نے واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ اور ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایت کی تھی۔