پاک ایران تنازع، پاکستان کی امن کوششیں قابلِ قدر ہیں: کینیڈین عہدیدار

پاک ایران تنازع، پاکستان کی امن کوششیں قابلِ قدر ہیں: کینیڈین عہدیدار

 اسلام آبا( تر کیہ خبر) کینیڈا کے سیکرٹری آف اسٹیٹ جان زیروچیلی نے پاک ایران تنازع کے دوران پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کاوشوں نے دنیا کو امن کی طرف بڑھنے کا راستہ دکھایا۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں جان زیروچیلی نے کہا کہ عالمی امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو کینیڈا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ مشکل حالات میں پاکستان نے تصادم کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کو ترجیح دی۔کینیڈین عہدیدار کے مطابق کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابل تحسین ہیں اور امن کے لیے اس کا کردار صرف خطے تک محدود نہیں بلکہ عالمی استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے تنازع میں پاکستان ایک اہم آواز کے طور پر سامنے آیا ہے، جبکہ دنیا پاکستان کو ایک بڑی منڈی کے ساتھ خطے میں امن اور معاشی روابط کے اہم شراکت دار کے طور پر بھی دیکھ سکتی ہے۔جان زیروچیلی نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک موجودہ تجارت کو وسیع اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کینیڈین کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے اہم مارکیٹ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت اسے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان اہم تجارتی مرکز بنا سکتی ہے۔ زراعت، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں کینیڈین کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔کینیڈین سیکرٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کو روایتی تجارت سے آگے بڑھ کر سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے۔ پاکستان میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری سے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔انہوں نے پاکستان کو معاشی استحکام کا سفر جاری رکھنے اور تجارت و سرمایہ کاری پر مزید توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت مستقبل میں طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کی بنیاد بن سکتی ہے۔جان زیروچیلی نے پاکستان کی عسکری قیادت کے علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے مذاکرات اور علاقائی استحکام کی حمایت مثبت پیش رفت ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.