کینیڈا اور سعودی عرب کا آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت
جدہ( مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا اور سعودی عرب نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں عالمی جہاز رانی اور توانائی کی ترسیل کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔کینیڈین وزیراعظم مارک کارنے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان جدہ میں ملاقات ہوئی، جس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں تجارتی جہازوں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ایسے حملے عالمی بحری نقل و حمل، توانائی کی فراہمی اور بین الاقوامی قوانین کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ اعلامیے کے مطابق ان واقعات سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا اور سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔اعلامیے میں تمام فریقین پر زور دیا گیا کہ آبنائے ہرمز میں محفوظ، آزاد اور بلا تعطل جہاز رانی کو یقینی بنایا جائے۔سعودی عرب اور کینیڈا کے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور قطر کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کیلئے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔