بجٹ 27-2026: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز
اسلام آباد( ترکیہ خبر)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق مشاورت کی، جو گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے غیر رسمی اجلاس میں ہوئی۔اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ کے اہم پہلوؤں، بالخصوص پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام، ٹیکسز، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو بجٹ کے مختلف اہم نکات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق افراط زر کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔تاہم وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ دستیاب مالی وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا تعین کیا جائے کہ ملازمین کو کتنا ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔