بلوچستان میں اب تک درمیانے درجے کے 5 زلزلے ریکارڈ
کوئٹہ( ترکیہ خبر) بلوچستان میں کل سے اب تک درمیانے درجے کے 5 زلزلے ریکارڈ کیے گئے ہیں، جبکہ آج صبح بارکھان اور قریبی علاقوں میں 5.2 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ پر واقع ہیں، اور حالیہ زلزلے اسی پلیٹ کی اوپری تہہ میں ہونے والی سرگرمی کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ زلزلے عالمی سطح پر ہونے والی زلزلہ خیز سرگرمیوں سے بھی منسلک ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق وینزویلا میں آنے والے زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی توانائی کی لہریں منسلک پلیٹوں پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی بڑے زلزلوں کے بعد دیگر خطوں میں شدید زلزلے ریکارڈ کیے گئے، تاہم سائنسی طور پر زلزلوں کے وقت اور شدت کی درست پیشگوئی ممکن نہیں۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سبی میں زلزلے کی شدت 4.2 جبکہ کوہلو میں 5 ریکارڈ کی گئی۔ سبی میں گہرائی 42 کلومیٹر اور کوہلو میں 18 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔مرکز کے مطابق سبی میں زلزلے کا مرکز شہر سے 57 کلومیٹر شمال مشرق میں جبکہ کوہلو میں مرکز 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔