بلوچستان میں بارشوں سے 8 افراد جاں بحق، 41 گھروں کو نقصان
کوئٹہ( تر کیہ خبر) بلوچستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران مون سون بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں چار بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے، دیواریں اور چھتیں منہدم ہونے کے واقعات میں 13 بچوں سمیت 16 افراد زخمی ہوئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے صوبے میں 41 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 17 گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ 24 کو جزوی نقصان پہنچا۔رپورٹ کے مطابق خضدار، ژوب، ہرنائی اور بارکھان کے اضلاع میں سب سے زیادہ نقصانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔