ایرانی میزائل فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیے:بحرین کا دعویٰ

ایرانی میزائل فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیے:بحرین کا دعویٰ

منامہ( مانیٹرنگ ڈیسک) بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں اور دیگر فضائی اہداف کو ملک کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا ہے۔بحرین کے شاہی میڈیا مشیر نبیل الاحمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ منگل کی صبح سے اب تک ملک میں چوتھی مرتبہ فضائی حملوں کے سائرن بجائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ بحرین کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا اور آنے والے تمام فضائی اہداف کو تباہ کر دیا گیا۔بحرینی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک رہے، جبکہ شہریوں کو حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اب تک ایران کی جانب سے بحرین کے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ واقعے کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے بعد خلیجی خطے میں سیکیورٹی حالات مزید حساس ہو گئے ہیں۔بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا مرکزی اڈہ بھی قائم ہے، جس کے باعث خطے کی موجودہ صورتحال پر عالمی سطح پر توجہ مرکوز ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی برقرار رہتی ہے تو خلیجی ممالک کو اپنے فضائی دفاعی نظام مزید فعال اور الرٹ رکھنا پڑ سکتا ہے، جبکہ سفارتی کوششوں میں بھی تیزی آنے کا امکان ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.