آزاد کشمیر میں تاجروں نے ہڑتال کی کال مسترد کر دی
مظفرآباد( ترکیہ خبر) آزاد جموں و کشمیر کی تاجر برادری نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے معمول کے مطابق کاروبار جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔تاجر برادری کا کہنا ہے کہ چند عناصر کی جانب سے پھیلائے جانے والے بیانیے کو عوام نے قبول نہیں کیا اور بازار معمول کے مطابق کھلے رہے۔ ان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے عوام ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انتشار کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔تاجروں نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دباؤ کے باوجود انہوں نے اپنی دکانیں اور کاروبار بند نہیں کیے، کیونکہ ہڑتال اور کشیدگی سے عام شہریوں اور معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بعض عناصر کی جانب سے نوجوانوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی، تاہم تاجروں اور شہریوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے معمولاتِ زندگی جاری رکھے۔تاجر برادری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امن، استحکام اور کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور کسی بھی انتشار کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔