ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی کابینہ نے خلیجی ریاستوں کی سرزمین اور علاقائی پانیوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خطے کے امن و استحکام کے لیے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اجلاس محمد بن سلمان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت کی سرزمین اور علاقائی پانیوں میں ہونے والے حملوں کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے ان کی سخت مذمت کی گئی۔کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب خلیجی ممالک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔