جنگ بندی کے باوجود غزہ میں حملے جاری، مزید فلسطینی شہید
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)جنگ بندی کے اعلان کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی حملوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں ایک حملے کے دوران امتحان کے لیے جانے والی ایک کمسن فلسطینی طالبہ بھی شہید ہو گئی، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 فلسطینی شہید اور 11 زخمی ہوئے۔رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے غزہ میں شہدا کی تعداد 1 ہزار 24 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اکتوبر سے جاری کشیدگی کے دوران ہزاروں فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے مزید لاشیں بھی نکالی گئی ہیں، جس سے تباہی کی صورتحال مزید واضح ہو رہی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مختلف کارروائیوں میں حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی کشیدگی برقرار ہے جہاں گرفتاریوں اور فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔