یومِ استحصال: عطاء تارڑ کا کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ ا
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔اپنے خصوصی پیغام میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 5 اگست بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی ایک سیاہ یادگار ہے، جب مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم یہ اقدام کشمیری عوام کی جدوجہد کو کمزور نہیں کر سکا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت جبر، محاصرے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے جیسے اقدامات کے باوجود کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا واحد پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادانہ استصوابِ رائے ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان ہر اہم بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اٹھا رہی ہے اور کشمیر کاز پر اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کشمیر کے معاملے پر مکمل یکسو ہے، جبکہ خطے میں دیرپا امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔