یومِ آزادی پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ
اسلام آباد( تر کیہ خبر) یومِ آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں پاک فوج کے بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ قومی استقامت مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کا کردار قابلِ قدر ہے، ان کا تجربہ اور رہنمائی پاک فوج کا اہم ادارہ جاتی اثاثہ ہے، جبکہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول سے نمٹنے کے لیے ان کی رہنمائی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور ملکی خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ استقبالیے کے دوران ملکی دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی قربانیوں، تجربے اور دیرینہ خدمات کو بھی سراہا گیا۔