اسد عمر کا نئے صوبوں کی تجویز پر مؤقف، عمران خان کو شامل کرنے کا مطالبہ
لاہور( تر کیہ خبر) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کی شمولیت کے بغیر نئے صوبوں کے قیام کا تصور مکمل نہیں ہوسکتا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر تمام صوبائی اسمبلیوں میں بحث ہونی چاہیے اور اس عمل میں بانی تحریک انصاف کو بھی شامل کیا جانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اس معاملے سے الگ رکھ کر نئے صوبوں کے قیام کی بات کرنا مناسب نہیں، ان کی شمولیت کے بغیر یہ تصور آگے نہیں بڑھ سکتا۔سابق وفاقی وزیر نے ملک کے نظام انصاف پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر انصاف کا نظام درست انداز میں کام کررہا ہوتا تو بانی تحریک انصاف کو جلد ریلیف مل جاتا۔ ان کے مطابق حکومت نے تحریک انصاف کو دیوار سے لگا دیا ہے۔اسد عمر نے پنجاب حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے کسانوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا، اسے استعفیٰ دینا چاہیے اور کسانوں سے معافی مانگنی چاہیے۔قبل ازیں اسد عمر عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔