یومِ استحصال: مسلح افواج کا کشمیریوں سے غیرمتزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ
راولپنڈی( تر کیہ خبر) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے اپنے مشترکہ پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو سراہا۔بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی تسلط اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف انسانی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل سے وابستہ ہے، جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ہر مرحلے پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔