ترکیے خبر

بلوچستان کی ترقی دشمن عناصر کے نشانے پر ہے، سکیورٹی ذرائع

بلوچستان کی ترقی دشمن عناصر کے نشانے پر ہے، سکیورٹی ذرائع

اسلام آباد( ترکیہ خبر) سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کار صوبے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ایک اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ پاکستان مخالف عناصر ریاست کے خلاف منفی بیانیہ تشکیل دینے اور اسے فروغ دینے میں مصروف ہیں، تاہم یہ سرگرمیاں زیادہ تر سماجی رابطوں کے ذرائع تک محدود ہیں اور زمینی حقائق کی عکاسی نہیں کرتیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں ہزاروں کلومیٹر طویل شاہراہوں اور سڑکوں پر روزانہ بڑی تعداد میں گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے، جبکہ دہشت گرد عناصر بعض اوقات محدود نوعیت کے واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہوئے صوبے کی صورتحال کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بیرون ملک موجود سہولت کار اور ہینڈلرز منظم انداز میں ایسے مواد کو پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بعض شدت پسند گروہوں نے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے خواتین کو استعمال کرنے کی حکمت عملی بھی اختیار کی ہے، جسے مقامی روایات اور سماجی اقدار کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں، شفاف فنڈز کی تقسیم اور بروقت عمل درآمد کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریکوڈک اور دیگر معدنیاتی منصوبے صوبے کی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ ان منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدن اور رائلٹی بلوچستان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق معدنی وسائل کی پیداوار، پراسیسنگ اور برآمدات نہ صرف مقامی معیشت بلکہ قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی مجموعی ترقی سے جوڑا جاتا ہے۔