ترکیہ خبر

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی یورپی قیادت پر اسرائیل سے تجارتی معاہدہ معطل کرنے کے لیے دباؤ کی اپیل

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی یورپی قیادت پر اسرائیل سے تجارتی معاہدہ معطل کرنے کے لیے دباؤ کی اپیل

برسلز( مانیٹر نگ ڈیسک) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یورپی قیادت سے اپیل کی ہے کہ یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان تجارتی معاہدے کو معطل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق 21 اپریل کو اس معاہدے کے حوالے سے فیصلہ کن موقع ہو سکتا ہے، جب برسلز میں عالمی اتحاد برائے دو ریاستی حل پر عمل درآمد سے متعلق اجلاس منعقد ہوگا۔تنظیم نے کہا ہے کہ اجلاس میں جرمنی اور اٹلی کی قیادت کلیدی کردار ادا کرے گی اور اس سلسلے میں جرمن صدر اور اطالوی وزیراعظم کو ای میل کے ذریعے معاہدے کی معطلی کا مطالبہ کیا جانا چاہیے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یورپی یونین کو ایسے کسی اقدام کی حمایت نہیں کرنی چاہیے جس سے اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، غیر قانونی قبضے اور امتیازی پالیسیوں کو تقویت ملے۔تنظیم کے مطابق یورپی یونین اسرائیل کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اس لیے اسے اس حوالے سے ٹھوس اور مؤثر فیصلہ کرنا چاہیے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مزید کہا ہے کہ یورپی سطح پر جرمنی اور اٹلی جیسے ممالک اس معاہدے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، جبکہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔تنظیم نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے لبنان میں کارروائیوں کے دوران بین الاقوامی قانون کو نظر انداز کیا اور داخلی سطح پر فلسطینیوں کے خلاف سخت اقدامات میں سزائے موت جیسے قوانین بھی شامل کیے گئے ہیں۔