امجد حسین ایڈووکیٹ نے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان کا حلف اٹھا لیا
گلگت( ترکیہ خبر) نو منتخب وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کی مرکزی و مقامی قیادت نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ 7 جون کو ہونے والے انتخابات میں عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے سب سے بڑی جماعت بنایا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں نوجوانوں اور خواتین نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ مختلف حلقوں میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے پارٹی کو بھرپور مینڈیٹ دے کر بڑی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اور پیپلز پارٹی کا تعلق کئی دہائیوں پر محیط ہے اور عوام نے ایک بار پھر اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پارٹی پر اعتماد کیا۔امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ مرکز میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہ ہونے کے باوجود عوام نے انہیں کامیاب بنایا، جس پر وہ اپنی پارٹی قیادت کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے بھی شکر گزار ہیں، جنہوں نے حکومت سازی میں تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں پہلی بار پیپلز پارٹی کو بھرپور عوامی حمایت حاصل ہوئی، جبکہ نئی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔وزیرِ اعلیٰ نے گلگت بلتستان میں سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں زمینی اور فضائی رابطوں کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کا قدرتی حسن اور موسم دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔