مقبو ضہ کشمیر ( مانیٹرنگ ڈیسک)معروف خبر رساں ادارے کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم بچے مبینہ طور پر بھارتی ریاستی تشدد کا سب سے بڑا نشانہ بن رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کے دور میں مقبوضہ کشمیر کے بچے فوجی کارروائیوں اور تشدد کے اثرات سے شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ کئی دہائیوں سے جاری صورتحال نے کم عمر بچوں کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق جنوری 1989 سے اب تک 96 ہزار 497 کشمیریوں کی ہلاکتوں میں 933 بچے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد بچے یتیم ہو چکے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ 2010 کے بعد پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کے استعمال کے باعث متعدد بچے بینائی سے محروم ہوئے، جبکہ بعض کم عمر افراد مبینہ جعلی مقابلوں میں ہلاک اور دیگر کو مختلف قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے کارکنان اور آزادی پسند رہنماؤں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ان کے بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جائے۔اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت متعدد عالمی ادارے اس سے قبل بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر رپورٹس جاری کر چکے ہیں۔ماہرین کے مطابق مقبوضہ علاقے میں بچوں کی صورتحال پر تشویش بڑھ رہی ہے اور عالمی برادری کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بچوں پر مبینہ بھارتی مظالم، ہزاروں ہلاکتوں اور یتیمی کے دعوے
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں