آزاد کشمیر انتخابات، 21 نشستوں پر پولنگ کل ہوگی
مظفرآباد( تر کیہ خبر) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 21 انتخابی نشستوں پر پولنگ کل 2 اگست کو ہوگی، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان و عملے کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 21 نشستوں پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے، جن میں ضلع نیلم، جہلم ویلی اور مظفرآباد کے ووٹرز شامل ہیں۔مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشنز اور 2 ہزار 219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے لیے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8، حساس اسٹیشنز پر 6 جبکہ معمول کے پولنگ اسٹیشنز پر 4 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ضلع مظفرآباد کے حلقوں ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔انتخابی میدان میں نیلم کے حلقہ جات ایل اے 25 اور ایل اے 26 میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 27 سے ایل اے 33 تک بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن جبکہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔