آزاد کشمیر انتخابات تین مراحل میں، پولنگ کا شیڈول جاری

آزاد کشمیر انتخابات تین مراحل میں، پولنگ کا شیڈول جاری

مظفر آباد( ترکیہ خبر) الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں انتخابات ہوں گے، جبکہ 2 اگست کو مظفر آباد ڈویژن اور مہاجرین جموں و کشمیر کے انتخابی حلقوں میں ووٹنگ کرائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پونچھ ڈویژن میں انتخابات 10 اگست کو ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر کے مطابق ہر مرحلے کے انتخابات کے نتائج پولنگ کے دن ہی شام کو جاری کر دیے جائیں گے۔ مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں بھی 2 اگست کو انتخابات ہوں گے۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔ کمیشن کے مطابق تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ انتخابی شیڈول میں تبدیلی کا مقصد انتظامی معاملات کو بہتر بنانا، انتخابی عمل کو مؤثر بنانا اور پرامن پولنگ کے لیے بہتر انتظامات کرنا ہے۔ مرحلہ وار انتخابات کے ذریعے سیکیورٹی، انتخابی عملے کی تعیناتی اور نگرانی کا عمل مزید بہتر انداز میں انجام دیا جا سکے گا۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں، انتخابی مہم کو پرامن رکھیں اور جمہوری عمل کی کامیابی کے لیے تعاون کریں۔الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن میں 13 نشستیں، مظفر آباد ڈویژن اور مہاجرین کے حلقوں میں 21 نشستیں جبکہ پونچھ ڈویژن میں 11 نشستیں شامل ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.