آزاد کشمیر اسمبلی میں ٹروتھ کمیشن کے قیام کی قرارداد منظور

آزاد کشمیر اسمبلی میں ٹروتھ کمیشن کے قیام کی قرارداد منظور

مظفرآباد( تر کیہ خبر) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے حالیہ صورتحال کے حقائق جاننے کے لیے ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن کے قیام کی قرارداد منظور کر لی۔اسپیکر نبیلہ ایوب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری یاسین نے قرارداد پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حالیہ واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے ایک بااختیار کمیشن قائم کیا جائے، جسے مکمل اختیارات اور تمام متعلقہ معلومات تک رسائی حاصل ہو۔قرارداد میں کہا گیا کہ کمیشن کی حتمی رپورٹ سامنے آنے تک مظاہرین احتجاج ختم کریں، جبکہ حکومت حالات معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ایوان نے پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔قرارداد میں پرامن مظاہرین سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ مسلح عناصر سے خود کو الگ رکھیں۔اسمبلی نے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس فوری بحال کرنے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ہر قسم کے تشدد و انتشار کی مخالفت کا بھی اعادہ کیا۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.