یمن کے موخا پر فضائی حملے، 6 افراد جاں بحق، 8 زخمی
صنعا( مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کے بحیرۂ احمر کے اہم بندرگاہی شہر موخا پر سعودی قیادت میں اتحاد کے فضائی حملوں میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔حوثیوں سے وابستہ خبر رساں ادارے ’’صبا‘‘ کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بھی ایک بچہ اور خاتون شامل ہیں۔ تاہم ان ہلاکتوں اور زخمیوں کی آزادانہ طور پر فوری تصدیق نہیں ہوسکی۔یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب یمن میں حوثی فورسز اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان حالیہ دنوں میں لڑائی میں شدت آئی ہے۔ حوثیوں کی بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں پیش قدمی کے بعد سعودی عرب کی جانب سے فضائی کارروائیاں بڑھ گئی ہیں۔دوسری جانب یمن کی گورننگ کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے حوثیوں کے خلاف امریکی حمایت طلب کی۔ العلیمی کے دفتر کے مطابق ٹرمپ نے گفتگو میں براہِ راست فوجی امداد کی یقین دہانی نہیں کرائی۔بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں بڑھتی کشیدگی کے باعث باب المندب کے اطراف بحری راستوں، عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے تحفظ سے متعلق خدشات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔