ریاض پر میزائل حملے کے دعوے کے بعد متعدد فضائی کمپنیوں کی پروازیں معطل
ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی دارالحکومت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو میزائل سے نشانہ بنانے کے حوثی دعوے کے بعد متعدد بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے ریاض کیلئے اپنی پروازیں معطل یا منسوخ کردی ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سفارت کاروں اور تعلیمی اداروں نے بھی حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ ایئر انڈیا اور لفتھانسا نے ریاض کیلئے پروازیں عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریاض میں تعینات سفارت کاروں اور مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ شہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد سفارتی عملے کو عمارتوں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی۔تاحال سعودی حکام کی جانب سے واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی شہریوں کو موبائل پیغامات کے ذریعے کوئی انتباہ دیا گیا، جیسا کہ ماضی میں کیا جاتا رہا ہے۔