احسن اقبال نے ملک میں 15 نئے صوبے بنانے کی تجویز پیش کردی
اسلام آباد( تر کیہ خبر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملک میں انتظامی نظام بہتر بنانے کے لیے 15 نئے صوبے بنانے کی تجویز پیش کردی ہے۔احسن اقبال کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام عوام کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہورہا، اس لیے ہر موجودہ صوبے کو تین حصوں میں تقسیم کرنے پر غور کیا جانا چاہیے۔انہوں نے تجویز دی کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ایک جائزہ کمیٹی تشکیل دی جائے اور اس کے بعد ملک میں اس حوالے سے قومی اور سیاسی سطح پر باقاعدہ بحث شروع کی جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے۔ کسی بھی بڑے انتظامی فیصلے کو سیاسی اتفاق رائے کے بغیر آگے بڑھانا مناسب نہیں ہوگا۔احسن اقبال کے مطابق ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث اس وقت شروع ہوئی جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے موجودہ نظام کے ناکام ہونے سے متعلق بیان دیا۔انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر سنجیدہ غور اور وسیع سیاسی مشاورت کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل کے لیے بہتر انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جاسکے۔