احمدی نژاد نے موساد سے روابط کے الزامات مسترد کر دیے

احمدی نژاد نے موساد سے روابط کے الزامات مسترد کر دیے

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد سے مبینہ روابط اور نظر بندی سے متعلق امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ موساد نے حالیہ برسوں میں احمدی نژاد کو اسرائیل کے ساتھ تعاون پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، جبکہ انہیں ایران کی مستقبل کی قیادت کے لیے ایک ممکنہ امیدوار بھی سمجھا جا رہا تھا۔ رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ سابق ایرانی صدر اس وقت گھر میں نظر بند ہیں۔تاہم احمدی نژاد کے دفتر نے ایک بیان میں ان تمام دعوؤں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دی نیویارک ٹائمز عوامی رائے کو گمراہ کرنے اور ایران میں اندرونی اختلافات کو ہوا دینے کے لیے من گھڑت خبریں شائع کر رہا ہے۔بیان میں سابق صدر کی مبینہ نظر بندی کی بھی سختی سے تردید کی گئی اور کہا گیا کہ یہ دعویٰ دیگر بے بنیاد الزامات کو تقویت دینے کے لیے گھڑا گیا ہے۔احمدی نژاد کے دفتر نے واضح کیا کہ رپورٹ میں شامل تمام الزامات حقیقت سے عاری ہیں اور انہیں مکمل طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.