نائن الیون کیس کی سماعت جون 2028 میں شروع ہوگی
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) نائن الیون حملوں کے مبینہ منصوبہ ساز خالد شیخ محمد کے خلاف مقدمے کی سماعت جون 2028 میں فوجی عدالت میں شروع ہوگی۔امریکی میڈیا کے مطابق ایک جج کے فیصلے میں مقدمے کی سماعت شروع کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ خالد شیخ محمد کو القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے اہم قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہیں مارچ 2003 میں پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔گرفتاری کے بعد خالد شیخ محمد کو تین سال تک امریکی خفیہ ادارے کے خفیہ مراکز میں رکھا گیا، جس کے بعد 2006 میں کیوبا کے گوانتاناموبے میں قائم فوجی اڈے منتقل کردیا گیا۔امریکا نے 2 مئی 2011 کو پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔11 ستمبر 2001 کو ہونے والے نائن الیون حملوں کو دنیا میں بڑی تبدیلیوں کا سبب بننے والے واقعات میں شمار کیا جاتا ہے۔ حملوں کے دوران مسافر طیارے امریکا کے بلند و بالا ٹاورز سے ٹکرائے، جس کے نتیجے میں دونوں عمارتیں منہدم ہوگئیں اور تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔اس وقت کی امریکی حکومت نے حملوں کی ذمہ داری القاعدہ پر عائد کی تھی، جس کے سربراہ اسامہ بن لادن افغانستان میں موجود تھے۔ واقعے کے تقریباً ایک ماہ بعد امریکا نے افغانستان پر حملہ کرکے طالبان حکومت کا خاتمہ کردیا تھا۔