استنبول میں 200 نوجوان موسمیاتی مذاکرات کی مشق کریں گے
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کے آئندہ اجلاس کی میزبانی کی تیاریوں کے دوران ترکیہ اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 نوجوان استنبول میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی مذاکرات کی چھ روزہ مشق میں حصہ لیں گے۔منتظمین کے مطابق ’’نیکسٹ جن کوپ 30.5‘‘ نامی یہ پروگرام 27 اگست سے یکم ستمبر تک جمہوریت اور آزادیوں کے جزیرے میں منعقد ہوگا۔ اس کا اہتمام جمرے فاؤنڈیشن نے ترکیہ کی وزارت ماحولیات، شہری منصوبہ بندی اور موسمیاتی تبدیلی کے اشتراک سے کیا ہے، جبکہ استنبول ٹیکنیکل یونیورسٹی تعاون اور کیمبرج یونیورسٹی معاونت فراہم کررہی ہے۔شرکا میں کیمبرج اور آکسفورڈ یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی شامل ہوں گے۔ انہیں چھ مذاکراتی گروہوں میں تقسیم کیا جائے گا، جو اقوام متحدہ کے موسمیاتی مذاکرات میں موجود مختلف معاشی اور سیاسی مفادات کی نمائندگی کریں گے۔نوجوان مذاکرات میں اخراج میں کمی، توانائی کی منتقلی، موسمیاتی مالی معاونت، ماحولیاتی نقصانات، موافقت اور موسمیاتی حالات کے مقابلے کی صلاحیت جیسے امور پر گفتگو کریں گے۔اس مشق کا مقصد نوجوانوں کو سفارت کاری کا عملی تجربہ فراہم کرنا ہے، جس میں قومی مفادات کا دفاع، اتحادی بنانا، اہم حدود برقرار رکھنا اور دباؤ کے دوران سمجھوتے کرنا شامل ہے۔