شمالی قبرص: بچوں کا فٹبال کیمپ رکوانا انسانیت کی شکست ہوگی

شمالی قبرص: بچوں کا فٹبال کیمپ رکوانا انسانیت کی شکست ہوگی

استنبول( تر کیہ خبر) ترک جمہوریہ شمالی قبرص نے یونانی قبرصی انتظامیہ کی جانب سے فٹبال کلب بارسلونا کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے شمالی قبرص میں تربیتی کیمپ منعقد کرنے کی کوششوں کو روکنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے صدر طفان ایرحورمان نے کہا کہ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یونانی قبرصی انتظامیہ سے وابستہ بعض حلقوں کی جانب سے کیمپ رکوانے کی متعدد کوششیں دیکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبرص کے مسئلے کی وجہ سے کسی بھی ترک یا یونانی قبرصی نوجوان کو دوسرے ممالک میں دستیاب مواقع سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔طفان ایرحورمان نے کہا کہ اگر کوئی فٹبال میلے کو منسوخ کرانے اور بچوں کو فٹبال کھیلنے سے روکنے کو سفارتی کامیابی سمجھتا ہے تو انسانی نقطہ نظر سے یہ سب لوگوں اور انسانیت کی شکست ہے۔شمالی قبرص کے صدر نے کہا کہ ایسے پروگراموں کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2004 کے بعد اقوام متحدہ، یورپی یونین اور یورپ کی کونسل کے متعلقہ اداروں نے بھی ترک قبرصی عوام کی تنہائی ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔بارسلونا نے اعلان کیا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپ 11 ستمبر کو ترک جمہوریہ شمالی قبرص میں منعقد ہوگا۔دوسری جانب انتہائی دائیں بازو کی نیشنل پاپولر فرنٹ جماعت نے یونانی قبرصی انتظامیہ کی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کیمپ رکوانے کے لیے اسپین پر دباؤ ڈالا جائے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.