دہشتگردی سے فائدہ اٹھانے والے اور خون کے سوداگر ہاریں گے:اردوان
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے فائدہ اٹھانے اور خطے کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کی کوشش کرنے والے عناصر کو شکست ہوگی۔جنوب مشرقی صوبے بتلیس میں ملازکرد کی جنگ کی 955ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ خون کے سوداگر اور دہشتگردی سے فائدہ اٹھانے والے موقع پرست ناکام ہوں گے، جبکہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے خواہاں نسل کش عناصر کو بھی شکست کا سامنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا ایک عظیم اور مضبوط ترکیہ کے ابھرنے کا مشاہدہ کرے گی۔ اردوان کے مطابق دہشتگردی سے پاک ترکیہ کا منصوبہ اپنے مقصد تک پہنچنے کے بعد ملک کے لیے ایک نئے دور کے دروازے کھلیں گے۔ترک صدر نے کہا کہ اس عمل میں انسانیت اور بھائی چارہ کامیاب ہوگا، جبکہ ترک قوم اور اس کے شہری بھی اس کے ثمرات حاصل کریں گے۔ملازکرد کی فتح کے اہم ابتدائی مراکز میں شامل اخلات کا حوالہ دیتے ہوئے اردوان نے کہا کہ اخلات میں پروان چڑھنے والے ایمان کے ساتھ یروشلم اور استنبول فتح کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، عظیم اور مضبوط ترکیہ کی صبح طلوع ہوچکی ہے اور ’’ترکیہ کی صدی‘‘ کی تعمیر کا آغاز ہوگیا ہے۔