وائی پی جی کا ڈھانچہ ختم کرنا شام میں امن کی راہ ہموار کرے گا: حاقان فیدان

وائی پی جی کا ڈھانچہ ختم کرنا شام میں امن کی راہ ہموار کرے گا: حاقان فیدان

استنبول، انقرہ( تر کیہ خبر) ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک شام میں دہشتگرد تنظیم وائی پی جی کی جانب سے نام نہاد خودمختار انتظامیہ اور اس سے وابستہ فوجی و سول ڈھانچے ختم کرنے کا اعلان عملی طور پر نافذ ہوا تو یہ مثبت پیش رفت ہوگی۔حاقان فیدان نے مشرقی ترکیہ کے شہر الازیغ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اس اعلان کا زمینی سطح پر جائزہ لے گا۔ اگر اعلان کے مطابق عملی اقدامات کیے گئے تو یہ قابلِ خیرمقدم ہوگا اور شام میں کرد عرب بھائی چارے کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ وائی پی جی کے ڈھانچے کا خاتمہ ایسا اہم قدم ہوگا جو تمام شامی باشندوں کے لیے مستقبل کے حوالے سے اعتماد کی فضا پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ کردوں کی شناخت کا تحفظ ضروری ہے اور ان کی شناخت سے انکار نہیں ہونا چاہیے، تاہم شام کی قومی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت بھی برقرار رہنی چاہیے۔ ان کے مطابق ترکیہ ان اصولوں کا عملی اطلاق دیکھنا چاہتا ہے۔فیدان نے کہا کہ ترکیہ ایسے اقدامات کو شام کے لیے فائدہ مند نہیں سمجھتا جو ان اصولوں کے خلاف ہوں۔ وائی پی جی کی خطے میں موجودگی طویل عرصے سے شام کے ساتھ ساتھ ترکیہ کے لیے بھی ایک چیلنج بنی ہوئی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے عمل کے ذریعے تمام مسائل باہمی مفاہمت، مذاکرات اور امن کے راستے سے حل کیے جائیں گے۔دہشتگردی کے بغیر ترقی تیزی سے آگے بڑھتی ہےحاقان فیدان نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ دو روز کے دوران خطے کے مختلف صوبوں اور اضلاع کا زمینی سفر کیا اور وہاں ترقی کے وسیع امکانات کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ علاقائی ترقی اور پیش رفت اس خطے کے عوام کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کسی اور کا۔ ایسے ماحول میں جہاں دہشتگردی نہ ہو اور ہتھیاروں کی آواز سنائی نہ دے، ترقی کتنی تیزی سے آگے بڑھ سکتی ہے، یہ واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ترک وزیر خارجہ کے مطابق مشرقی اور جنوب مشرقی ترکیہ کی منفرد خصوصیات ترقی کے لیے بڑی نعمت اور وسیع مواقع فراہم کرتی ہیں۔فیدان نے کہا کہ ترکیہ کا وژن ترکیہ، شام، عراق اور پورے خطے میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کو ترجیح دیتا ہے، جبکہ حکومت صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں اس وژن کو مرحلہ وار عملی شکل دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دمشق سے جاری ہونے والا بیان الفاظ کے اعتبار سے مثبت ہے، تاہم اگر اسے اسی طرح عملی طور پر نافذ کیا گیا تو یہ انتہائی اہم اور مثبت پیش رفت ہوگی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.