اقوام متحدہ میں 80ممالک کا آبنائے ہرمز فوری کھولنے کا مطالبہ
نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں 80ممالک نے مشترکہ اعلامیے کے ذریعے آبنائے ہرمز فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایران اور اس کے اتحادی حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے مشترکہ اعلامیہ پڑھتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ایران کی سرگرمیاں عالمی سلامتی، آزادانہ جہاز رانی اور بین الاقوامی بحری حقوق کے لیے مسلسل خطرہ ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اعلامیے کی حمایت خلیجی عرب ممالک کے علاوہ بڑی مغربی طاقتوں نے بھی کی ہے۔مشترکہ بیان میں یمن کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حوثیوں کی جانب سے تنازع دوبارہ شروع کرنے، سعودی عرب پر حملوں اور بحیرہ احمر میں کارروائیوں کی بھی سخت مذمت کی گئی۔اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ باب المندب کی طرف حوثیوں کی پیش قدمی سے عالمی بحری آمدورفت، سمندری سلامتی اور بین الاقوامی تجارت کو مزید خطرات لاحق ہوں گے۔