پاکستانی نوجوان مستقبل کے بارے میں پُرامید، 76 فیصد نے روشن امکانات ظاہر کردیے:اقوام متحدہ

پاکستانی نوجوان مستقبل کے بارے میں پُرامید، 76 فیصد نے روشن امکانات ظاہر کردیے:اقوام متحدہ

اسلام آباد( ترکیہ خبر)اقوام متحدہ کے ایک ذیلی ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کی بڑی تعداد اپنے مستقبل کو لے کر پُرامید ہے۔رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) کے ایک حالیہ جائزے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے 76 فیصد نوجوان اپنے آنے والے وقت کو روشن اور بہتر دیکھتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ 72 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ملک کی ایک تہائی آبادی 10 سے 24 سال کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ادارے کے مطابق پاکستان کی ترقی اور مستقبل کا دارومدار نوجوانوں کی صلاحیتوں، انہیں دستیاب مواقع اور ان کے درست فیصلوں پر ہے۔ تاہم 53 فیصد نوجوان سکیورٹی مسائل، معاشی مشکلات اور سماجی عدم مساوات جیسے معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔رپورٹ میں دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کی محدود سہولیات کو بھی ایک اہم مسئلہ قرار دیا گیا ہے۔ حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل تعلیم و مہارتوں کے فروغ، روزگار کے بہتر مواقع اور انہیں بااختیار بنانے والی پالیسیوں پر خصوصی توجہ دے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آبادی کا معاملہ صرف افراد کی تعداد تک محدود نہیں بلکہ انسانی حقوق، بہتر مواقع اور لوگوں کے انتخاب کے حق سے بھی جڑا ہوا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.