چاروں ہائیکورٹس میں ججز تقرری کیلئے 7 رکنی انٹرویو کمیٹیاں تشکیل
اسلام آباد( تر کیہ خبر) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ملک کی چاروں ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرری کے لیے سات رکنی انٹرویو کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تقرری کے لیے انٹرویو کمیٹی کی سربراہی جسٹس حسن اظہر رضوی کریں گے، جبکہ سندھ ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے لیے کمیٹی کی قیادت جسٹس عامر فاروق کو سونپی گئی ہے۔لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹس کی کمیٹیوں میں جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس سرفراز ڈوگر، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، فاروق ایچ نائیک، علی ظفر اور احسن بھون بطور ارکان شامل ہوں گے۔سندھ ہائیکورٹ کی کمیٹی میں بھی جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس ظفر احمد راجپوت، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، فاروق ایچ نائیک، علی ظفر اور احسن بھون شامل کیے گئے ہیں۔اسی طرح بلوچستان ہائیکورٹ کی کمیٹی میں جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، فاروق ایچ نائیک، علی ظفر اور احسن بھون بطور رکن فرائض انجام دیں گے۔اعلامیے کے مطابق یہ کمیٹیاں متعلقہ ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرری کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز اور جانچ پڑتال کا عمل مکمل کریں گی تاکہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔