پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تحت 51واں انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج شروع
اسلام آباد( ترکیہ خبر) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے زیر اہتمام 51ویں انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج کا باضابطہ آغاز ہوگیا، جس میں پانچ براعظموں کے 20 ممالک سے ممتاز سائنس دان شریک ہیں۔سمر کالج میں 45 عالمی شہرت یافتہ سائنس دان جدید سائنسی موضوعات پر لیکچرز اور تبادلۂ خیال کریں گے۔ یہ علمی روایت نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سائنس دان عبدالسلام کی قائم کردہ سائنسی میراث کا تسلسل ہے، جو گزشتہ پانچ دہائیوں سے جاری ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ پروفیسر عبدالسلام کا وژن آج بھی سائنس دانوں کی رہنمائی کر رہا ہے اور سائنس و ٹیکنالوجی قومی ترقی کی بنیادی طاقت ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور کوانٹم ٹیکنالوجی مستقبل کا رخ تبدیل کر رہی ہیں، اس لیے پاکستان کو سائنسی تحقیق میں مزید سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان سائنس دان ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔چیئرمین پی اے ای سی کے مطابق ملک کے چھ نیوکلیئر پاور پلانٹس قومی گرڈ کو صاف توانائی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ پی اے ای سی کے 21 کینسر مراکز ملک کے تقریباً 80 فیصد کینسر مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی تحقیق کے ذریعے غذائی تحفظ اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ بنیادی سائنس، جدید تحقیق اور بین الاقوامی سائنسی تعاون کو ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل رکھا گیا ہے۔