ایس ایس یو کے 50 کمانڈوز ایک سال کیلئے ایف آئی اے میں تعینات
کراچی( تر کیہ خبر) اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے 50 کمانڈوز کو ایک سال کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں ڈیپوٹیشن پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ایس ایس یو کے ترجمان کے مطابق تعینات کیے جانے والے کمانڈوز میں 25 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں، جو ایک سال تک ایف آئی اے کے ساتھ خدمات انجام دیں گے۔ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے ڈیپوٹیشن پر جانے والے کمانڈوز سے ملاقات کی اور انہیں ذمہ داری، محنت اور دیانت داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔دوسری جانب ایف آئی اے کراچی زون کے ڈائریکٹر منتظر مہدی نے ایس ایس یو کا دورہ کیا اور کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن کے مطابق ایس ایس یو کمانڈوز کی ایف آئی اے میں تعیناتی دونوں اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کا حصہ ہے، جبکہ یہ اقدام ایف آئی اے کی درخواست پر کیا گیا۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں 50 کمانڈوز ایک سال تک خدمات انجام دیں گے، جس کے بعد مزید 50 کمانڈوز آئندہ ایک سال کے لیے ایف آئی اے میں تعینات کیے جائیں گے۔