لیورپول میں فلسطین ایکشن کی حمایت، 50 مظاہرین گرفتار
لندن ( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے شہر لیورپول میں لیبر پارٹی کی کانفرنس کے باہر فلسطین ایکشن کے حق میں احتجاج کے دوران پولیس نے 50 افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق احتجاج میں 250 سے زائد افراد شریک ہوئے، جن میں متعدد مظاہرین نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین ایکشن کی حمایت کا اظہار کیا گیا تھا۔پولیس نے مظاہرین کو متنبہ کیا کہ تنظیم کی حمایت میں کوئی علامت یا تحریر ظاہر کرنا جرم کے زمرے میں آسکتا ہے۔ اس کے بعد متعدد افراد کو دہشتگردی کے قانون کے تحت حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 94 سالہ انسانی حقوق کی وکیل مارگریٹ اوون بھی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پرامن احتجاج کے حق کا احترام کرتی ہے اور گرفتاریاں قانون کے مطابق کی گئی ہیں۔دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے گرفتاریوں کو آزادی اظہار پر قدغن قرار دیتے ہوئے برطانوی حکومت سے احتجاج سے متعلق قوانین میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاج کی منتظم تنظیم ڈیفینڈ آور جیوریز نے بھی فلسطین ایکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔