آئی ایس پی آر سمر کیمپ، 4 ہزار طلبہ کی شرکت
راولپنڈی( تر کیہ خبر) آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام پاکستان بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سمر کیمپ کے شرکاء کے ساتھ خصوصی نشست کی۔ کیمپ میں پاکستان کے 18 سے زائد مقامات سے 4 ہزار سے زیادہ طلبہ شریک ہوئے۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی کے چیلنجز اور ملک کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر اظہار خیال کیا۔انہوں نے دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ قومی اتحاد، یکجہتی اور نوجوانوں کی مثبت سوچ سے کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مضبوط اور قائم رہنے والی ریاست ہے۔خصوصی نشست میں طلبہ نے دہشت گردی، سرمایہ کاری، اسمگلنگ، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور دیگر اہم موضوعات پر سوالات کیے، جن کے وزیراعلیٰ بلوچستان نے تفصیلی جوابات دیے۔طلبہ نے نشست کو معلوماتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر حقائق پر مبنی آگاہی حاصل ہوئی۔آئی ایس پی آر سمر کیمپ کے شرکاء نے ایسے مکالموں کو قومی ہم آہنگی، شعور اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اہم قرار دیا۔