قلات میں کارروائی، 12 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی( تر کیہ خبر) بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع قلات میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر کارروائی کی گئی، جس کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع کچھی بھاگ میں بھی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے ٹھکانے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موجود دیسی ساختہ بم اور گولہ بارود بھی موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کارروائی جاری ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔