بارہ ممالک کا اسرائیلی بستیوں کی مصنوعات پر پابندی کا اعلان

بارہ ممالک کا اسرائیلی بستیوں کی مصنوعات پر پابندی کا اعلان

لندن( مانیٹر نگ ڈیسک) برطانیہ سمیت 12 ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے تیار ہونے والی مصنوعات پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس اقدام میں فرانس، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، اسپین اور سویڈن بھی شامل ہیں۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حکومت کی سرگرمیاں دو ریاستی حل کے امکانات کو شدید متاثر کر رہی ہیں۔برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے دارالعوام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں لگائی جائیں گی جو اسرائیلی آبادکاروں کو بستیوں کی تعمیر میں معاونت فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی تعمیر فوری طور پر روک دے۔برطانوی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے باوجود 1200 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں اور غزہ میں جنگی جرائم کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مغربی کنارے میں حالات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں اور فلسطینیوں کے خلاف انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا ایسا کوئی اقدام نہیں چاہتا جس سے مغربی کنارے کی صورتحال مزید خراب ہو۔ تاہم امریکا نے مغربی کنارے کی اسرائیلی بستیوں سے تجارت پر برطانیہ کی عائد کردہ پابندی میں شمولیت اختیار نہیں کی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.