خیبرپختونخوا، بلوچستان میں کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا، بلوچستان میں کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ، پشاور( تر کیہ خبر) خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں 11 دہشتگرد مارے گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں۔بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ فورسز نے بارودی مواد کے ذریعے دہشتگردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا۔جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں 5 خوارج مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور انہیں گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ دہشتگردوں کو بغیر پائلٹ طیارے کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا اور مقامی آبادی کو کسی نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.