غزہ میں 70 بچوں سمیت 100 فلسطینی شہدا سپرد خاک
غزہ( مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ کے دوران تباہ ہونے والے مکانات کے ملبے سے حالیہ دنوں میں ملنے والی 100 فلسطینیوں کی میتوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں سپرد خاک کر دیا گیا، شہدا میں 70 بچے بھی شامل تھے۔غزہ سٹی کے علاقے زیتون میں ہونے والی اجتماعی نماز جنازہ میں متاثرہ خاندانوں کے افراد، ہزاروں فلسطینیوں، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ میتوں اور انسانی باقیات کو تباہ شدہ گھروں کے ملبے کے قریب ایک مقام پر رکھا گیا تھا جبکہ ان پر فلسطینی پرچم لپیٹے گئے۔اس موقع پر غزہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں، متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں اور دیگر سماجی شخصیات نے تعزیتی اور یادگاری خطابات بھی کیے۔نماز جنازہ کے بعد میتوں اور انسانی باقیات کو زیتون کے علاقے میں واقع الاحلی قبرستان میں دفن کر دیا گیا۔ امدادی ٹیمیں بمباری سے متاثرہ علاقوں میں ملبے سے اب تک تقریباً 900 لاشیں نکال چکی ہیں۔غزہ کی پٹی میں اب بھی تقریباً 9 ہزار فلسطینیوں کی لاشیں مختلف مقامات پر ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔